نئی دہلی، 3 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ترنمول کانگریس کے ارکان نے لوک سبھا میں اپنے رہنما سدیپ بندوپادھیائے کو مبینہ طورپر غیر قانونی طریقے سے گرفتار کئے جانے کی مخالفت میں آج مسلسل دوسرے دن راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کیا۔ایوان بالا میں وقفہ صفر میں ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے دو نوٹس دیا ہے ، پہلے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا کہ نوٹ بند ی کی وجہ سے ہوئی پریشانیوں کی وجہ سے 120سے زیادہ لوگوں کی جانیں جاچکی ہیں ، جن کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے، دوسرا نوٹس لوک سبھا میں ہمارے لیڈر سدیپ بندوپادھیائے کو مبینہ طورپر غیر قانونی طریقے سے گرفتار کئے جانے کے سلسلے میں ہے۔ڈیریک نے کہا کہ ان کی پارٹی نہ تو ایوان میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہے اور نہ ہی اسپیکر کے سامنے آ کر دوسرے اراکین کا وقت برباد کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے لیڈر سدیپ بندوپادھیائے کو مبینہ طورپر غیر قانونی طریقے سے گرفتار کئے جانے کے خلاف احتجاج میں ہم ایوان سے واک آؤٹ کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ اسی مسئلے پر کل بھی ترنمول ارکان نے راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کیا تھا۔اس سے قبل جب ڈیریک نے اپنی بات رکھی، تب کپڑا وزیر اسمرتی ایرانی نے ضابطہ کا سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈیریک نے کل جس شخص کا نام لیا تھا وہ ایوان کا رکن نہیں ہیں۔